بھٹکل:19؍نومبر(ایس اؤ نیوز) جمعرات کی شام بائک کا پیچھا کرتے ہوئے نوجوان کنڑا صحافی پر نقاب پوش غنڈوں کی طرف سے حملہ کئےجانےوالے معاملےمیں بھٹکل دیہی پولس نے بیلکے کے ری کرئیشن کلب کے مالک مہادیو نائک کو گرفتار کرلیا ہے۔
حملےکا شکار ہوئے یوٹیوب چینل کے راگھو ملیا عرف ارجن ملیا نے چند دن قبل ری کرئیشن کلب کے دھندوں پر رپورٹ نشر کی تھی ۔ ذرائع نے بتایا کہ رپورٹ کو لےکر گاؤں میں مبینہ طور پر غنڈہ گردی کرنےوالا ری کرئیشن کلب کا مالک مہادیونائک کافی مشتعل تھا۔ اسی وجہ سے اس نے راگھو ملیا پر اپنے ساتھیوں کےساتھ حملہ کیا تھا۔
معاملہ کو لےکر پولس تھانےمیں کیس درج کرتےہی حملہ آوروں کی تلاش میں جٹی پولس نے سرکاری اسپتال میں نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کی تفتیش کی۔ بتایاگیا ہے کہ جمعرات کی شام قریب تین بجے ملزم مہادیو نائک بیمارہونےکی بات کہتے ہوئے بھٹکل سرکاری اسپتال میں داخل ہواتھا، لیکن بغیر کسی اطلاع کے شام کو اسپتال سے باہر نکل گیاتھا۔ اور مبینہ طور پر راگھو ملیا پر حملہ کرنےکے بعد واپس سرکاری اسپتال پہنچ کر اپنے بیڈ پر سوگیا تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی تفتیش کے بعد پولس کو جیسے ہی پتہ چلا کہ کلیدی ملزم مہادیونائک ہے تو اس کو فوری طور پر گرفتار کیا گیا۔ اسے عدالت میں حاضر کرنے کے بعد عدالت نے اسے پندرہ دن کی جوڈیشل کسٹڈی میں بھیج دیا ہے۔ پولس نے بتایا کہ حملہ میں شریک دیگر ملزموں کی تلاش جاری ہے۔
صحافی پر اس طرح حملہ کرنے کے بعد چونکہ معاملہ بہت زیادہ گرماگیا ہے، اس بات کو دیکھتے ہوئے کاروار سے ایڈیشنل ایس پی ایس بدری ناتھ بھٹکل پہنچے اور حالات کا جائزہ لیتے ہوئے پولس کو ضروری ہدایات دی، بعد میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یقین دلایا کہ میڈیا کی آزادی پر حملہ کرنے کی اجازت کسی کو بھی نہیں دی جائے گی اور دیگر مفرور ملزموں کو بخشا نہیں جائے گا۔